وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں سیاسی استحکام کے لیے آگے بڑھنے کے واحد مقصد کے ساتھ پی ٹی آئی کے ساتھ مخلصانہ مذاکرات میں مصروف ہے۔
آج گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ کے دوران محنت سے حاصل کی گئی معاشی ترقی کی رفتار کو آگے بڑھانا چاہتی ہے اور اس کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔
وزیر موصوف نے اطمینان کے ساتھ کہا کہ حکومت کی معاشی کامیابیاں واضح ہیں اور ان کا اعتراف ہمارے سیاسی مخالفین بھی ہر سطح پر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے تشدد کے واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور جو بھی تشدد کا ارتکاب کرتا ہے اسے قانون کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ان تمام لوگوں کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جنہیں 9 مئی سے متعلق واقعات میں اب تک سزائیں دی جا چکی ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر کہا کہ منصفانہ ٹرائل کے حق کو یقینی بنایا گیا ہے۔