ابوظہبی۔30ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر ہر سال 28 فروری کو سالانہ اماراتی یوم تعلیم کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد متحدہ عرب امارات کی ترقی اور پیش رفت میں تعلیم کے اہم کردار اور معاشرے کی نمو اور قومی ثقافتی نشاۃ ثانیہ میں اس کے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق صدر نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنے قیام کے وقت سے ہی تعلیم کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور اسے اپنے ترقیاتی منصوبوں کے مرکز میں رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم کو ہمیشہ قوم کی ترقی اور ثقافتی فروغ کا محرک سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ترقیاتی وژن میں تعلیم کے اہم کردار کے اعتراف اور نظامِ تعلیم سے وابستہ ہر فرد کی خدمات کے اعتراف میں 28 فروری کو ہر سال قومی یوم تعلیم کے طور پر منایا جائے گا۔
یہ تاریخ تاریخی اعتبار سے بھی اہم ہے کیونکہ اس دن 1982 میں متحدہ عرب امارات یونیورسٹی سے اساتذہ کے پہلے گروپ نے گریجویشن کی تھی، جس میں متحدہ عرب امارات کے بانی، مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان اور دیگر امارات کے حکمرانوں نے شرکت کی تھی۔
شیخ محمد بن زاید النہیان نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کے قیام سے لے کر اس کی ترقی کے تمام مراحل میں تعلیم کی بنیادوں کو مضبوط بنانا اور اس کی اہمیت کو مسلسل بڑھانا اولین ترجیح رہا ہے اور رہے گا۔یوم تعلیم کو قومی ایجنڈے کا حصہ بنانا قیادت کے اس پختہ یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ تعلیم نسلوں کی تعمیر اور قوموں کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور یہ ترقی اور پیش رفت کا کلیدی محرک ہے۔