

فائل فوٹو
منگل 25 فروری 2025, 9:30 شام
      آخری اپ ڈیٹ منگل 25 فروری 2025, 9:32 شام
نیویارک: امریکی حکام نے پی آئی اے کے ملکیتی روزویلٹ ہوٹل سے امریکا میں پناہ کے متلاشی تارکینِ وطن کی رہائش کا 3 سالہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیویارک کے مشہور علاقے مینہٹن میں واقع روز ویلٹ ہوٹل میں تارکینِ وطن کو رکھنے کے معاہدے کی مالیت 220 ملین ڈالر تھی۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق امریکی حکومت اور دائیں بازو کے شدت پسندوں کے دباؤ پر نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے پیر کو تارکین وطن کے اس مرکز کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حال ہی میں حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اعلان کردہ نئے ادارے کے نامزد کردہ انڈین نژاد مشیر کی جانب سے اس معاہدے پر تنقید کی تھی جس کے تحت حکومت پاکستان تین سال کے دوران ریاست نیویارک سے 220 ملین ڈالر حاصل کرنے کی توقع رکھی تھی۔