فوٹو سوشل میڈیا
بدھ 4 دسمبر 2024, 8:57 شام
لاہور: پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل یسطور الحق ملک کو لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران، بحریہ کے جوانوں، اور سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر مملکت، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی جانب سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ایڈمرل یسطور الحق ملک نے 1954 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا اور 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں بھی حصہ لیا۔
مرحوم ایڈمرل 1988 سے 1991 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے۔ اس دوران انہوں نے اہم ذمہ داریاں نبھائیں، جن میں بطور کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، اور چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن شامل ہیں۔ایڈمرل یسطور الحق ملک کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی قربانیوں کو قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔