وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ فلائٹ آپریشن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے برطانیہ اور امریکہ کے لیے بھی پی آئی اے کی پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے کی امید ظاہر کی جس سے قومی پرچم بردار جہاز کی ساکھ میں مزید بہتری آئے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں رکاوٹ بننے والے مختلف مسائل کو حل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کام اور حل نہ ہونے والے اقدامات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کے خریدار کے لیے دو اہم معاملات پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے بعد نئے طیاروں کی خریداری پر اٹھارہ فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا جائے گا جبکہ پی آئی اے کا نقصان بھی ہولڈنگ کمپنی کو منتقل ہو جائے گا۔