جمعہ 27 دسمبر 2024, 3:22 شام
      آخری اپ ڈیٹ جمعہ 27 دسمبر 2024, 4:46 شام
کراچی: شہر قائد میں پاراچنار واقعے کے خلاف مذہبی جماعت کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر گزشتہ رات سے احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صرف مین شاہراہ فیصل کو کالا چھپرا کی طرف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ابوالحسن اصفہانی روڈ عباسی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ سماما شاپنگ سینٹر، اور نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر دھرنے جاری ہیں۔
نیشنل ہائی وے ملیر 15 برج، ناصر جمپ کورنگی، نمائش چورنگی، اور شارع فیصل چھوٹا گیٹ سے قائدآباد جانے والے راستوں اور دیگر مقامات پر بھی دھرنے جاری ہیں۔
رات بھران دھرنوں کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہروں کے باعث متعدد مرکزی شاہراہیں بند ہیں جبکہ کئی شاہراؤں ٹریفک بحال کرائی جا چکی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقوں گرومندر، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، گولیمارچورنگی، تین ہٹی، لیاقت آباد، ڈاکخانہ کے مقام پر ٹریفک رواں دواں ہے۔
علاوہ ازیں کریم آباد، عائشہ منزل، واٹرپمپ اور سہراب گوٹھ پر ٹریفک معمول پر ہے جبکہ گلشن اقبال، نیپاچورنگی، سمامہ پر ٹریفک جزوی بحال ہے۔ اسی طرح گلستان جوہرچورنگی، جوہرموڑ اور ڈرگ روڈ پر ٹریفک تقریباً بحال ہوگیا ہے۔
متبادل راستے
ایم اے جنا ح روڈ نمائش چورنگی ٹریفک: متبادل راستہ کے لیے ٹریفک کو 45 کانگرس سے پی پی چورنگی اور گرو مندر سے سولجر بازار بھیجاجارہا ہے، سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری، بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرومندر کی طرف ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے۔
ابو الحسن اصفانی روڈ بجانب سپر ہائی وے عباس ٹاؤن: متبادل راستہ پر ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک و اندرون گلیوں کی طرف بھیجا جارہا ہے، رینجر کٹ سے سروس روڈ پنجاب اڈہ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
فائیو اسٹار چورنگی ٹریفک: متبادل راستہ کے طور پر سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے،
یونیورسٹی روڈ: متبادل راستہ کے طور پر ٹریفک کو اندرون علاقوں میں موڑ دیا گیا ہے۔
شاہراہ فیصل کالا چھپرا: متبادل راستہ مادام سگنل سے آنے والی ٹریفک شاہ فیصل کالونی بریج سے شاہ فیصل کالونی کی طرف بھیجی جارہی ہے
شہر سے آنے والی ٹریفک کو ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
مین نیشنل ہائی وے پر ملیر 15 برج چڑھائی بجانب قائدآباد: ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی کی طرف ڈائیورشن دی ہے، منزل پمپ سے یونس چورنگی اور داؤد چورنگی سے انڈسٹریل ایریا کی طرف ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات پر متبادل راستوں کا انتظام کیا جا رہا ہے، اور شہریوں سے درخواست ہے کہ سروس روڈ اور دیگر متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔
اطلاعات کے مطابق دھرنے کی صورتحال کے پیش نظر پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے صورتحال کا جائزہ لیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔