ہفتہ 4 جنوری 2025, 11:25 صبح
انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس رفعت مختار راجہ نے130ہیلپ لائن، ایمرجنسی آپریشن سینٹراور موٹروے (M-2) نارتھ ٹول پلازہ پر قائم پبلک سروس وہیکلز مینجمنٹ سینٹر (PSV-MIS) کا دورہ کیا۔ انہوں نے موٹروے پولیس کی پیٹرولنگ گاڑیوں کے لیے جدید جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا اور پاکستان بھر کی موٹرویز اور ہائی ویز پر موجود پیٹرولنگ گاڑیوں کی براہ راست معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران کو ڈیجیٹل جی پی ایس سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر، موٹروے پولیس کے افسران نے آئی جی کو موٹرویز اور ہائی ویز پر موثر پیٹرولنگ اور کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔آئی جی رفعت مختار راجہ نے 130ہیلپ لائن، ایمرجنسی آپریشن سینٹر، جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم اور(M-2) نارتھ ٹول پلازہ پر قائم پبلک سروس وہیکلز مینجمنٹ سینٹر (PSV-MIS) کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔آئی جی رفعت مختار راجہ کی موٹروے (M-2) نارتھ ٹول پلازہ پر قائم پبلک سروس وہیکلز مینجمنٹ سینٹر (PSV-MIS) کے دورہ کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی نارتھ ریجن یاسین فاروق اور ڈی آئی جی موٹروے (M-2) نارتھ، سلمان علی خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر آئی جی رفعت مختار راجہ نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت بسوں کی ڈیجٹیل اور فزیکل معائنہ کیا جا رہا ہے اور جو بھی مسافربردار گاڑی اس معیار پر پورا نہیں اترے گی اس کو موٹرویز اور ہائی ویز داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے کلر کہار سالٹ رینج پر سپیڈ کنٹرول مانیٹرنگ سسٹم بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔ جلد ہی تمام شاہراؤں کے بڑے ٹول پلازوں پر پبلک سروس وہیکلز انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم قائم کئے جارہے ہیں۔اس جدید سسٹم کے ذریعے اب تک 13ہزارسے زائد بسوں،16ہزار سے زائد ڈرائیورزاور 608ٹرانسپورٹ کمپنییز کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے۔ موٹروے پر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے مالکان اور عملے کے بارے میں تفصیلات کو اس سسٹم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی شکایات اور تجاویز پر بروقت عمل درآمد کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر مسافروں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔