اتوار 5 جنوری 2025, 11:22 صبح
کرم میں ہوئے امن معاہدے کو دو دن گزرنے کے باوجود پاراچنار ٹل مین شاہراہ آج بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اپر کرم کی چار لاکھ نفوس پر مستمل آبادی علاقے میں محصور اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور فراہمی معطل ہے۔
راستوں کی بندش، بدامنی اور دہشتگردی کے خلاف کرم پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا آج بھی جاری ہے، شدید سردی کے باوجود دھرنے میں کثیر افراد شریک ہیں۔
دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ جب تک روڈ نہیں کھل جاتا، روڈ کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جاتا تب تک دھرنا جاری رہے گا، راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے دھرنا جاری رہے گا۔
کرم کے علاقے بگن میں بھی احتجاجی دھرنا آج بھی جاری ہے، شرکا کا کہنا ہے کہ جب تک ریلیف پیکج نہیں ملتا دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 80 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کو روک دیا گیا ہے،روڈ کلیئر ہوتے ہی قافلہ روانہ کیا جائے گا۔