فائل فوٹو
جمعرات 9 جنوری 2025, 9:00 شام
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظرعلی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جا کر 9 مئی کیسز کی سماعت کی۔
دوران سماعت شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید ، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگرکوعدالت کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ ضمانت پر رہا ملزمان بھی جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جبکہ دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 16 جنوری تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے دیگر 9 مئی کے 4 مقدمات میں ملزمان کو حاضری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔