کراچی: امریکا، بیلجیئم، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت 12 ممالک نے مزید 107 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا ہے۔ مذکارہ ممالک سے بے دخل کیے گئے افراد جب کراچی پہنچے تو ان میں سے 14 کو منشیات کی اسمگلنگ، جعلی کرنسی اور دیگر الزامات کے تحٹ گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دیگر کو گھر واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
پاکستان کے مقامی انگریزی اخبار نے امیگریشن ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متحدہ عرب امارات سے 13، عراق سے 12، سعودی عرب سے چار، عمان سے تین، بیلجیئم، قطر اور قبرص سے دو دو اور امریکا، کمبوڈیا، ملائیشیا اور بحرین سے ایک ایک پاکستانی کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کو ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جو چوری، منشیات فروشی اور بھیک مانگنے جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔
وزارت داخلہ نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کڑے اقدامات بھی کئے ہیں، جن میں پاسپورٹ منسوخی بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مختلف ممالک سے 64 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں عمان سے 10، سعودی عرب سے چار اور قطر، امریکا اور سینیگال سے ایک ایک پاکستانی شامل ہے۔
اسی طرح دبئی سے 47 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا جن میں مختلف خلاف ورزیوں اور مختلف کیٹیگریز میں ملوث مسافر بھی شامل ہیں۔ گیارہ پاکستانیوں پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام تھا اور انہیں متحدہ عرب امارات میں سزا کاٹنے کے بعد پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا، جب کہ دو پاکستانیوں پر دبئی میں جعلی کرنسی گردش کرنے کا الزام تھا۔
علاقہ ازیں، ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے مختلف وجوہات کی بنا پر کراچی سے روانہ ہونے والے مزید 55 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔ اس آف لوڈنگ سے مسافروں کو ٹکٹ کینسل ہونے کی وجہ سے یومیہ 10 ملین روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔