پشاور: پارا چنار میں راستوں کی بندش کے خلاف انجمن تاجران نے ہڑتال کا اعلان کردیا جس کے باعث کل تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارا چنار میں راستوں کی بندش خلاف انجمن تاجران کا ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ صدر ٹریڈ یونین پارا چنا ر نے کہا ہے کہ کل تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ امن معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے، ہم نے ہر ادارہ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہمیں مناسب جواب نہیں ملا، لہذا ہم نے کل تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انجمن تاجران پاراچنار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے کروڑوں روپے سامان پر خرچ ہوئے ہیں، قافلے میں امدادی چیزیں کچھ بھی نہیں ہیں، سارا دکانداروں اور تاجروں کا سامان ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لئے صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کی کرم کے لئے پانچ پروازیں ہوئیں۔ آج کی پہلی پرواز کے ذریعے 1500 کلوگرام ادویات پشاور سے صدہ پہنچائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق کے مطابق اس پرواز تین افراد کو بھی صدہ منتقل کیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ کہ دوسری پرواز میں چھ افراد کو صدہ سے علیزئی پہنچایا گیا جبکہ تیسری پرواز کے ذریعے 43 افراد کو علیزئی سے ٹل منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیسری پرواز میں 200 کلوگرام ضروری سامان بھی منتقل کئے گئے اور چوتھی پرواز میں ٹل سے 22 افراد کوعلیزئی منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ آخری پرواز میں 40افراد کوبمع سامان علیزئی سےپشاورمنتقل کیا گیا،مجموعی 114 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔