کراچی: سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کراچی کے تاجروں کے مریم نواز کو سندھ کا انتظام دینے کے مطالبے پر ردعمل دیا ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں سندھ حکومت کی ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف بیان پر کہا کہ خوشامدیوں سے رٹا لگوائی بات کہلوانے سے زمینی حقائق نہیں بدلے جاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک چاپلوس کی بات کو باشعور، باوقار تاجر برادری کا بیانیہ کہنا بد دیانتی ہے۔ کوئی سنجیدہ سیاستدان اور ذمے دار وزیر اپنے سامنے فضول بات برداشت نہیں کرتا۔
سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ مخصوص تاجر ٹولہ سازش کے تحت سندھ کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کر رہا ہے، تاجروں کا مخصوص ٹولہ مختلف فورمز پر بزنس کے علاوہ ہر چیز پر بات کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عاقبت نا اندیش دوستوں سے گزارش ہے کہ جمہوریت شطرنج نہیں کہ مہرے کو ا±ٹھا کر دوسری جگہ رکھ دیا جائے، عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجر دوست صوبہ ہے، سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت درجنوں منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے یہ منصوبے تمام صوبوں سمیت خطے کےلئے رول ماڈل ہیں، عوامی حکومت اور تاجر برادری سندھ اور ملک کی خوشحالی کےلئے ایک پیج پر ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ متنازعہ نہروں پر مراد علی شاہ کے دوٹوک موقف پر یہ بے تکی باتیں کی جارہی ہیں، پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں اور دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔