جمعہ 7 فروری 2025, 10:29 شام
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا برادرانہ رشتہ ایک خاص مقام رکھتا ہے جس پر سپریم لیڈر نے ہمیشہ زور دیا۔اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں مختلف اقدامات، سرحدی گزرگاہیں اور تجارتی منڈیاں کھولنے جیسے عوامل نے دونوں ممالک اور خطے کی اقتصادی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد اعلیٰ وفود کا تبادلہ پاک ایران تعلقات کے تحرک کا ثبوت ہے، ان میں شہید صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی قربت کے پیش نظر، دونوں ممالک کے پاس اسٹریٹجک تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایران، دنیا کے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر کے ساتھ اور پاکستان زراعت اور لائیو اسٹاک سے مالا مال ایک زرخیز زمین ہے۔ یہ منفرد طاقتیں فطری طور پر ہماری منڈیوں کو مربوط کرتی اور گہرے معاشی تعلقات کی راہ ہموار کرتی ہیں۔ایران نے ہمیشہ نقل و حمل کے نیٹ ورکس کو بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کی ہے، جن میں ریل روٹ، بندرگاہ اور بنیادی ڈھانچے کے تعاون کو وسعت دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران اقتصادی شراکت داری بڑھانے اور مشترکہ سرحدوں کے ذریعے تجارت کو فروغ دے کر، خوشحالی، استحکام اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔رضا امیر مقدم کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی تعلقات، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ایران کا اسلامی انقلاب 20 ویں صدی کے اہم ترین واقعات میں سے ایک ہے، جس نے خود انحصاری، سیاسی اور ثقافتی خودمختاری اور خود کفالت کا جذبہ پیدا کیا اور ایران کے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد چیلنجوں، دباؤ اور پابندیوں کے باوجود، ایران نے سائنس، ٹیکنالوجی، طب، نینو ٹیکنالوجی، اسٹیم سیل ریسرچ، ایرو اسپیس، اور بہت سے دوسرے شعبوں میں شاندار پیش رفت کی ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانا ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی اور پائیدار ستون ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تھے جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کے علاوہ راجہ ظفر الحق۔نیر بخاری۔علامہ راجہ ناصر عباس سمیت سیاست اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔