
کراچی میں نیٹی جیٹی پل پر ٹریلر کی ٹکر سے کار سوار باپ اور ایک بیٹا جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں رکشہ سوار شدید زخمی ہوگیا۔
کراچی کے علاقے کیماڑی میں نیٹی جیٹی پر ٹریلر کی ٹکر سے ایک کار پل سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود باپ اور بیٹا زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ کار میں موجود دوسرا بیٹا شدید زخمی ہے۔پولیس کے مطابق حادثہ ٹریلر کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق افراد ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ سے سائٹ ایریا میں اپنی فیکٹری جا رہے تھے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریلر کی ٹکر سے رکشے میں سوار شخص بھی شدید زخمی ہوا ہے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹریلر چھوڑ کر فرار ہوگیا، ٹریلر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔حادثے کے بعد نیٹی جیٹی پل پر بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھے گئے اور کچھ ہی دیر میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یاد رہے کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 132 شہری جاں بحق اور 1870سے زائد شہری زخمی ہوئے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، شہر بھر میں ٹریفک حادثات میں 20 بچوں اور 17 خواتین سمیت 132 شہریوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔
نارتھ ناظم آباد میں گڑھے میں گر کر 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق مزدور سیوریج لائن کےلیے کھدائی کررہے تھے، ایک مزدور سلپ ہوکر گرگیا، دوسرا اُسے بچانے کےلیے گیا تو وہ بھی سلپ ہوگیا۔حکام کے مطابق گڑھے کے قریب گٹر کا ڈھکن کھول کر مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔