
حیدرآباد: تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ہزاروں لوگ صرف اس لیے جیلوں میں ہیں کہ انہوں نے جلوس کیوں نکالا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب بھائی ہیں، پاکستان کو چلانا ہے، ایک دوسرے کا احترام کریں۔محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی اصولوں کے تحت پانی میں جس جس کا حصہ ہے، اسے ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں لوگ اس لیے رکھے جاتے ہیں کہ تاکہ عوام میں انصاف کر سکیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹ میں قوموں کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی ہونی چاہیے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں وفد نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی۔
دوسری جانب اسد قیصر کی سربراہی میں اپوزیشن وفد نے عوامی تحریک کےسربراہ ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی ، دونوں ملاقاتوں میں ڈاکٹر قادر مگسی اور ایاز لطیف پلیجو کو تحریک تحفظ آئین پاکستان میں باضابطہ شامل ہونے کی دعوت دی۔
واضح رہے تحریک انصاف کے عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا عندیہ دے چکے ہیں، اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں۔