منگل 19 نومبر 2024, 11:17 صبح
اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی،ہم نے اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اویس لغاری نے کہا کہ پروفیشنل بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں، ٹرانسمیشن لائن کی خرابیوں کو دور کیا ہے، ہم نے بڑی انقلابی اصلاحات کی ہیں،انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہو گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ میں بڑی حدتک کمی آئی ہے، اوور بلنگ قطعی قابل قبول نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ ہم کب تک کے الیکٹرک کی سبسڈی کا بوجھ اٹھائیں گے، باقی ملک سے کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی ہے، کے الیکٹرک کے حوالے سے بڑی شکایات ہیں،ان کا کہنا تھا کہ نیلم جہلم پروجیکٹ میں بڑانقصان ہوا، سال کے آخر میں گردشی قرضے کم ہو جائیں گے، طلب کم ہونے کی وجہ سے کیپسٹی چارجز کا بوجھ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیپسٹی چارجز کے بغیر قرضے کم نہیں ہوں گے، 2018 کے روپے کی قدر میں کمی ہوئی، ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے، امپورٹڈ کول کی جگہ تھر کول کے استعمال سے بچت ہو گی، الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشن بنائیں گے۔