بانی پی ٹی آئی کے کیسز کا خاتمہ حکومت نے نہیں عدالتوں نے کرنا ہے، فائل فوٹو
اتوار 24 نومبر 2024, 6:11 شام
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انتظامیہ سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ ہمیں گرفتار کر لیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما رضاکارانہ گرفتاریاں دے رہے ہیں اور خود پولیس موبائلز میں بیٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگ خود گرفتاریوں کے لیے خود رابطے کر رہے ہیں، احتجاج کے دوران اسلام آباد کے کافی راستےکھلے، کچھ بند ہیں، ان کی ایک ہی ڈیمانڈ ہے ، این آراو دو۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کسی کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے اگراحتجاج کرنا ہے تو اپنے صوبے میں کریں، اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کا خاتمہ حکومت نے نہیں عدالتوں نے کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا ہے تو عدالتوں سے رجوع کریں احتجاج کیوں کر رہے ہیں؟
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جو اسلام آباد پر لشکر کشی کرنے آرہے ہیں ان کی آپس میں لڑائیاں ہیں، ایک بشریٰ گروپ ہے، ایک علیمہ گروپ ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ راستے بند ہونے کی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ تحریک انصاف ہے۔