لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طلبا یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں اس لیے طلبا کے ہاتھ میں پتھر یا ڈنڈے نہیں دیکھنا چاہتی۔
اسکالرز شپ اسکیم کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی پہچان نہیں بلکہ پاکستان کی پہچان طلبہ ہیں، یہ چہرہ ڈی چوک پر بیٹھ کر ڈنڈے اور پتھر چلانے کے بجائے کالج و یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا ہی اچھا لگتا ہے۔ ہم میں سے کوئی نہیں چاہے گا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کے دوران پاکستان کے دورے پر آئے بیلاروس کے صدر ملک کا کیا چہرہ لیکر واپس گئے ہوں گے، ہونا یہ چاہیے تھا کہ بیلاروس کے صدر کو پاکستان کے تعلیمی اداروں کا دورہ کروایا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ اسکالر شپ کے لیے 70ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، صوبے میں طلبا کو 30ہزار اسکالر شپ دی جا رہی ہیں، 18 ہزار طلبا اور 12ہزار طالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آرہے ہیں لیکن لیپ ٹاپ ہو یا دیگر ضروریات طلبہ کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے، کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ ہو پھر بھی بلاتفریق اسکالر شپ ملے گی۔ ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے وسائل نہ رکھنے والے طلبا کے خواب حقیقت بنیں گے۔